پٹنہ،24؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار کے موتیہاری میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں رام گڑھوا کے نریل گری میں اینٹوں کے بھٹے کی چمنی میں دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے کے سبب 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ ملبے میں اب بھی 2 درجن سے زائد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 16 افراد نازک حالت میں رکسول میں زیر علاج ہیں۔
واقعہ کے بعد آس پاس کے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ مقامی پولیس اور افسران کی ایک ٹیم موقع پر موجود ہے۔ زخمیوں کی حالت بھی انتہائی تشویشناک ہے۔ آس پاس کے لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
بہار پولیس ہیڈکوارٹر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ حادثے کے بعد ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ مہلوکین میں 4 مقامی لوگ اور 3 اتر پردیش کے رہنے والے تھے۔ پولیس مسلسل تعاون کر رہی ہے اور ضروری مدد فراہم کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے لکھا ’’موتیہاری میں اینٹوں کے بھٹے کے حادثے میں جانوں کے ضیاع سے غمزدہ ہوں۔ سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کے لیے دعا۔ مہلوکین کے لواحقین کو پردھان منتری نیشنل ریلیف نڈ کی جانب سے 2-2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50000 روپے فراہم کئے جائیں گے۔‘‘